اسلام آباد (شیراز احمد شیرازی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان آخری حد تک سیاسی جنگ لڑنے کو تیار ہیں جنہوں نے صدر مملکت عارف علوی کو کھل کر سامنے آ کر انتقامی کارروائیوں کو روکنے کیلئے زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا آخری ہتھیار صدر مملکت عارف علوی ہیں اور سب کی نظریں ان پر مرکوز ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران صدر مملکت عارف علوی سے عمران خان کی دو ملاقاتیں ہوئیں جن کی اندرونی کہانی کا نیو نیوز نے پتہ لگا لیا ہے۔
عمران خان کی صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور اسمبلیوں کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ صدر مملکت عارف علوی نے عمران خان کو الیکشن کی تیاری پر توجہ مرکوز کرنے کا کہا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان آج بھی اسٹبلشمنٹ سے ملاقات کرنے کے خواہش مند ہیں اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک بار پھر کردار ادا کرنے کی کوشش پر عمران خان کو اعتماد میں لیا اور معاملات کو فوری آگے لے جانے کیلئے انہوں نے عمران خان نے اہم امور پر مشاورت بھی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کی جانب سے ممکنہ مزید انتقامی کارروائیوں سے بچنے کیلئے لیگل ٹیم سے مشاورت کی جائے گی ، عمران خان نے صدر مملکت عارف علوی کو کھل کر سامنے آ کر انتقامی کارروائیوں کو روکنے کیلئے زور بھی دیا جبکہ آئندہ دو روز میں عارف علوی کی عمران خان سے پھر ملاقات متوقع ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی آخری حد تک سیاسی جنگ لڑنے کو تیار، عمران خان اور عارف علوی ملاقات کی اندرونی کہانی
05:47 PM, 26 Jan, 2023