کراچی : پاکستان مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک چھوٹی سا ایلیٹ سسٹم قائم ہوچکا ہے وہی ملک کی قسمت کے فیصلے کرتا ہے اسے ختم کیے بغیر ملک ٹھیک نہیں ہوسکتا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے جمہوری، صدارتی اور آمرانہ طرز حکومت بھی دیکھ لیا ہے۔ ملک میں سب سے بڑا مسئلہ گورننس کا نہ ہونا ہے۔پاکستان میں گورننس ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے سے گورننس میں بہتری آئے گی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں مسلم لیگ ن میں ہی ہوں لیکن مستقبل میں کسی الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا. اسحق ڈار نے پبلک میں میرے خلاف بات کی اور میری صلاحیت پر سوالات اٹھائے جس کا میں نے جواب دیا۔ ہم بھی سسٹم نہیں بدل سکے ہم بھی قصور وار ہیں۔ نچلے طبقے کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔