سری نگر: کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپرمنا رہے ہیں۔یوم سیاہ منانے کا مقصد کا مقصدعالمی برادری کوباورکرانا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر آزاد کشمیر،پاکستان اورمختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ بھارت جس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اوراسے مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ۔
صدائے مظلومین ، جموں وکشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ ، تحریک آزاد ی جموں وکشمیر، جموں وکشمیر لبریشن الائنس ، جموں وکشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ اور یوتھ فریڈم فائٹرزنے اپنے بیانات ، پیغامات اور پوسٹروں کے ذریعے سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں کے عوام سے بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقاریب کا بائیکاٹ کرنے اور اپنے گھروں ، دکانوں اور دیگر عمارتوں پر سیاہ جھنڈے لہرانے کی اپیل کی ہے۔
اس حوالے سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل پوسٹر آویزاں کئے جارہے ہیں۔