اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ افغانستان نے ہماری مارکیٹ سے ڈالر اٹھایااور اسی سے درآمد اور برآمد شروع کر دی لیکن اب ہم نے سی ڈی کو لازمی کر دیا ہے جس کے بعد افغان اب روپے میں ہم سے چیزیں خرید سکیں گے ۔
شوکت ترین نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ایک مسئلہ افغانستان کی صورت حال تھی، امریکا نے افغانستان کے اثاثے منجمد کیے تو افغانستان کا انحصار پاکستان پر بڑھ گیا، افغانستان نے ہماری مارکیٹ سے ڈالر اٹھانا شروع کردیے اور اسی سے درآمد اور برآمد کرنے لگے۔
انہوں نے کہا شروع میں ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ یہ نوبت 2 کروڑ ڈالر یومیہ تک پہنچ گئی تھی،لیکن ہم نے فوری طور پر سی ڈی کو لازمی کیا اور افغانستان کو سمجھایا کہ آپ ہم سے چیزیں روپے میں خرید لیں تاکہ ہمارے روپے پر پریشر کم ہو، اس طرح ہم اس صورت حال کو ہینڈل کرنے میں بھی کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا اب ہم افغانستان کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کرنے کا بھی سوچ رہے ہیں تاکہ ہم پر بھی ڈالر کا پریشر کم ہو۔