کراچی: مختلف علاقوں میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے دکانیں بند کرانے کی کوشش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجدکے قریب نامعلوم افراد نے بازار بند کرادیا۔ اس کے علاوہ جیکب لائن کے علاقے میں بھی دکانیں بندکرائی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ آج ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کے متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ شارع فیصل سے مارچ کرتے مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی اور دھرنا دیا۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کے باعث کئی افراد زخمی ہوگئے۔ لاٹھی چارج سے رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کا سر پھٹ گیا جبکہ پولیس کی شیلنگ سے ایم کیو ایم کی ایک خاتون کارکن بے ہوش ہوگئیں۔
پولیس نے ایم کیو ایم کے کئی کارکنوں کو گرفتارکرکے مختلف تھانوں میں منتقل کردیا۔