صورتحال ایسی ہو گئی کہ پولیس کو ایکشن لینا پڑا، سعید غنی

08:34 PM, 26 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مظاہرین پر پولیس تشدد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجبوری میں اقدام اٹھانا پڑا ہے اگر کوئی زخمی ہوا تو معذرت خواہ ہوں۔

ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی بھی پرامن احتجاج کیخلاف ایکشن کے حق میں نہیں رہی ایم کیو ایم سے بات چیت پریس کلب جانے کیلئے ہوئی تھی انہوں نے اپنے احتجاج کا روٹ تبدیل کیا اور وزیراعلیٰ ہاؤس آئے۔

سعیدغنی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا بھی جاری ہے ان پر تشدد نہیں کیا گیا لیکن ایم کیو ایم کو کہا وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے آپ کا احتجاج ریکارڈ ہو گیا اب آپ پریس کلب چلے جائیں لیکن وہ نہیں گئے ہمیں مجبوری میں اقدام اٹھانا پڑا اور کوئی زخمی ہوا تو معذرت خواہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے کھلاڑی وزیراعلیٰ ہاؤس سے متصل ہوٹلوں میں ہیں اور ہائی الرٹ کی جگہ پر دو تین ہزار لوگ جائیں کیا اچھا پیغام جائے گا؟ ایم کیوایم کو کہا یہاں سےچلےجائیں وہ جانے کو تیار نہیں تھے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس پر ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دھرنا دیا گیا تو مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شیلنگ و لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں