کراچی ،ایم کیو ایم کے احتجاج پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا 

08:24 PM, 26 Jan, 2022

کراچی :کراچی میں ایم کیو ایم کے احتجاج پر تحریک انصاف کے رہنمائوں کا ردعمل سامنے آگیا ،پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی میں ایم کیو ایم کے احتجاج پر تشدد کی شدید مذمت کی گئی۔

 وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے جمہوریت کے لبادے میں پیپلزپارٹی کا آمرانہ طرزِ حکومت سب کے سامنے عیاں ہوگیا ہے، پیپلزپارٹی آئینی حقوق کا احترام کرے، پولیس کو سیاسی جماعتوں کیخلاف استعمال کرنے کے بجائے  سندھ سے جرائم کے خاتمے کیلئے استعمال کیا جائے ۔

 وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ممبران پر جس طرح سے تشدد کیا گیا وہ قابل مذمت ہی نہیں قابل شرم بھی ہے، پیپلز پارٹی خود ہر جگہ مارچ کرنا چاہتی ہے لیکن مخالفین کو برداشت کرنےکا حوصلہ نہیں رکھتی۔

اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم ) کی کراچی میں احتجاجی ریلی بلدیاتی قانون کے خلاف نکالی گئی، ریلی کا ایک حصہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچ گیا اور کارکنوں نے مرکزی گیٹ کے سامنے دھرنا دے دیا۔

میٹروپول سگنل پر پولیس  نے ایم کیو ایم کارکنوں کو وزیراعلیٰ ہاؤس جانے سے روکنے کی کوشش کی۔ ریلی کی قیادت وسیم اختر اور عامر خان کر رہے ہیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔  لاٹھی چارج سے رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین زخمی ہوگئے۔ سر پر لاٹھی لگنے سے صداقت حسین کا سر پھٹ گیا جبکہ پولیس کی شیلنگ سے ایم کیو ایم کی ایک خاتون کارکن بے ہوش ہوگئیں۔

 کراچی میں دو مخلتف ریلیاں نکلنے کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔

مزیدخبریں