کراچی، ایم کیو ایم کے دھرنے پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج

 کراچی، ایم کیو ایم کے دھرنے پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج
سورس: فائل فوٹو

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم ) کی کراچی میں احتجاجی ریلی بلدیاتی قانون کے خلاف نکالی جارہی ہے، ریلی کا ایک حصہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچ گیا اور کارکنوں نے مرکزی گیٹ کے سامنے دھرنا دے دیا۔

میٹروپول سگنل پر پولیس  نے ایم کیو ایم کارکنوں کو وزیراعلیٰ ہاؤس جانے سے روکنے کی کوشش کی۔ ریلی کی قیادت وسیم اختر اور عامر خان کر رہے ہیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔  لاٹھی چارج سے رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین زخمی ہوگئے۔ سر پر لاٹھی لگنے سے صداقت حسین کا سر پھٹ گیا جبکہ پولیس کی شیلنگ سے ایم کیو ایم کی ایک خاتون کارکن بے ہوش ہوگئیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کارکنوں کو سمجھا بجھا کر واپس بھیج رہے ہیں۔ پی آئی ڈی سی چوک سے وزیراعلیٰ ہاؤس کے درمیان احتجاج کیا جارہا ہے۔

ضیاء الدین احمد روڈ پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے گیٹ کو پولیس نے گہرے میں لے لیا، ڈی آئی جی ساؤتھ زون شرجیل کھرل کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ پولیس اہلکاروں کی دو لائنیں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے زنجیر بنائے کھڑے ہیں جبکہ پولیس نے ایم کیو ایم رہنماؤں اور کارکنوں کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے گیٹ کی طرف جانے سے روکا ہوا ہے۔

 کراچی میں دو مخلتف ریلیاں نکلنے کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کراچی میں شارع فیصل پر شدید دباؤ کی وجہ سے بلوچ کالونی کاز وے پر ٹریفک جام ہوگیا، ڈیفنس کالاپل اور طارق روڈ کے علاقوں میں بھی ٹریفک جام ہے۔ لسبیلہ چوک پر ریلی کی وجہ سے ٹریفک شدید جام ہوگیا ہے، تین ہٹی، پاک کالونی، گارڈن،ناظم آباد اور گرومندر کے اطراف میں ٹریفک جام ہوگیا۔

مصنف کے بارے میں