پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث خیبر گرلز میڈیکل کالج سمیت 5 تعلیمی ادارے بند کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر گرلز میڈیکل کالج کی انتظامیہ کے مطابق تدریسی سرگرمیاں غیر معینہ مدت کیلئے آن لائن ہوں گی جبکہ انتظامیہ نے فائنل ایئر کے امتحانات بھی ملتوی کر دئیے ہیں۔ اس کے علاوہ جن 4 تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا ہے ان میں گورنمنٹ ہائی سکول ہزار خوانی، ہائی سیکنڈری سکول چغر مٹی اور بڈھنی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 86 ہزار 537 ہو چکی ہے جبکہ صوبے میں اس موذی وباءکے باعث مجموعی طور پر 5 ہزار 980 اموات ہوئی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10.17 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 196 کیسز سامنے آئے اور مزید 15 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مزید 1 ہزار 453 مریض شفایاب ہو گئے۔