صحافی حسنین شاہ قتل کیس ، تین مشتبہ افراد گرفتار

12:43 PM, 26 Jan, 2022

لاہور:  پولیس نے لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی کے سامنےنجی ٹی وی کے صحافی کے قتل کیس میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس  ذرائع کے  مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تینوں مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے،  پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں، شبہ ہے کہ یہ صحافی کے قتل میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ صحافی کو مبینہ طور پر رقم کے تنازعہ پر قتل کیا گیا،  پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ قتل کے ماسٹر مائنڈ کے قریب پہنچ گئی ہے ۔

خیال رہے کہ نجی ٹی وی کے صحافی حسنین شاہ کو لاہور پریس کلب کے سامنے موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا ۔تاہم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی تھی اور مجرموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا ۔

لاہور پریس کلب کی الیکٹڈ باڈی نے پریس کلب  کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ لاہور پریس کلب کے نومنتخب صدر اعظم چوہدری نے کہا کہ یہ لاہور کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، کلب کے سامنے ایک صحافی کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا اور کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔

مزیدخبریں