اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان فلاحی ریاست کی جانب بڑھ رہا ہے، صحت کے شعبے میں خاموش انقلاب آرہا ہے، ہم نے پورے ملک کو یونیورسل ہیلتھ سروس فراہم کرنی ہے۔
اسلام آباد میں قومی صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ سہولت پروگرام میں شفافیت پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران بین الاقوامی اداروں نے 3 رپورٹس جاری کیں جن میں حکومت پاکستان کے وبا کیخلاف ہونے والے اقدامات کی تعریف کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بیماری کی وجہ سے متوسط طبقے کا معاشی بجٹ متاثر ہوتا ہے، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کسی بھی اسپتال میں جا کر علاج کرا سکتے ہیں۔تمام گھرانوں کو 10 لاکھ تک صحت کی سہولیات مفت دی جائیں گی۔صحت کارڈسے اسلام آباد ، پنجاب، آزادجموں و کشمیر ،گلگت بلتستان اور تھرپارکرکے شہری مستفید ہوں گے۔