براڈ شیٹ تحقیقات، انکوائری کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) عظمت سعید مقرر

05:05 PM, 26 Jan, 2021

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے براڈ شیٹ تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی جس کے سربراہ جسٹس (ر) عظمت سعید ہونگے۔ وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی گئی ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید انکوائری کمیشن کے سربراہ ہونگے اور انکوائری کمیشن براڈ شیٹ کے معاملے کی جامع تحقیقات کریگی۔ براڈ شیٹ انکوائری کمیشن، کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017ء کے تحت تشکیل دیا جائیگا۔ کمیشن وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کریگا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کرپشن کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ براڈ شیٹ کے معاملے کسی کو نہیں چھوڑوںگا اور یہ معاملہ بہت حساس ہے کیونکہ اس کی مکمل انکوائری ہو گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں براڈ شیٹ کیس کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں جس کے بعد اس معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے نواز شریف، آصف علی زرداری، بینظیر بھٹو اور دیگر کی پراپرٹیز کا پتہ چلانے کے لیے 1999 میں اثاثہ جات ریکوری سے متعلق برطانوی فرم براڈ شیٹ کی خدمات حاصل کی تھیں۔ تاہم نیب کی جانب سے یہ معاہدہ 2003 میں ختم کردیا گیا تھا جس کے خلاف فرم نے ثالثی عدالت میں نیب کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جس پر عدالت نے اگست 2016 میں نیب کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے اسے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں