اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ احتساب کا ادارہ خود قابل احتساب ہے، اںصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے، انصاف ہو تو تین چیئرمین نیب جیل میں جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا بھی ریمانڈ لے کر جیل بھیجا جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے سابق جج کو براڈ شیٹ کمیشن کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔ براڈ شیٹ کے تمام کاغذات عوام کے سامنے رکھیں، بڑے پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ براڈ شیٹ کے نمائندے وزیراعظم سے کیوں ملتے ہیں؟
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آٹے، چینی اور ایل این جی میں اربوں روپے لوٹنے والوں سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ ایک شخص کے لیے معیار کچھ اور دوسرے کے لیے کچھ اور ہے۔ عوام کو انصاف ہوتا ہوا نظرآنا چاہیے۔ کیاان لوگوں سے سوال کرنے والا کوئی نہیں ہے؟
انہوں نے بتایا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے روز اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے کا مقام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ جلسے کے مقام میں تبدیلی کا فیصلہ ن لیگ کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ اب یہ جلسہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کیا گیا ہے۔