کراچی: سندھ حکومت نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پانچ فروری کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں صوبے بھر کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور پرائیوٹ ادارے بند رہیں گے۔ حکومتی سطح پر اس دن کی مناسبت سے تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں مقررین جدوجہد آزادی کشمیر پر روشنی ڈالیں گے۔
خیال رہے کہ عام پاکستانی کا دل اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ دھڑکتا ہے جو گزشتہ 74 سال سے قابض بھارتی فوج کے مظالم سہہ رہے ہیں۔ پاکستان میں کوئی حکومت آئے لیکن وہ اس عہد سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور اس کی آزادی تک ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھی جائے گی۔
پاکستان بھر میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا دن (یوم یکجہتی کشمیر) پورے جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ میں اس بات کو تسلیم کیا گیا ہے کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بھارت کی قابض فوج سے نبرد آزما ہیں۔
بھارت نے گزشتہ سال 5 اگست 2019ء سے کشمیری عوام کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ابھی تک بدترن کرفیو جاری ہے۔ مودی سرکار نے جدوجہد آزادی کے ڈر سے لاکھوں فوجیوں کو کشمیریوں کے سروں پر لا کھڑا کیا ہے جو ان پر ظلم روا رکھے ہوئے ہیں۔