ممبئی، بھارت کا مقبول عام ٹی وی شو بند کرنے کا فیصلہ ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما شو کو آئندہ ماہ سے بند کردیا جائے گا۔ بین الاقوامی شہرت کا حامل ٹی وی شو بند کرنے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ شو کو مالی مشکلات کے باعث بند کیا جارہا ہے ۔کپل شرما شو کے پروڈیوسر سلمان خان ہیں جو سونی ٹی وی پرپیش کیا جاتا ہے ۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ کپل شرما شو کو بند کرنے کی بڑی وجہ کورونا کے باعث فلموں کا نہ بننا ہے جب کہ شو میں زیادہ تر فلمی شخصیات اپنی فلموں کی پروموشن کے لیے آتی ہیں۔ دوسری وجہ کورونا کی وجہ سے جاری کردہ ایس او پیز ہیں جن پر شو کے دوران عمل درآمد یقینی بنانا نا ممکن ہے کیونکہ عوام کو شرکت سے روکنا پڑتا ہے جب کہ شو کا وہی بنیادی جز ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فروری سے کپل شرما شو کو بند کردیا جائے گا لیکن جیسے ہی حالات نارمل ہوں گے تو وہ دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کپل شرما شو اس وقت بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک میں بہت شوق سے دیکھا جاتا ہے ۔