عمران  خان  کیساتھ ہو ں لیکن شہباز شریف کو پی اے سی چیئرمین بنانا بہت بڑی غلطی ہے، شیخ رشید

07:34 PM, 26 Jan, 2019

اچی :وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو اللہ کے سوا کوئی نہیں بچا سکتا‘ عمران خان کیساتھ ہو ں لیکن شہباز شریف کو پی اے سی چیئرمین بنانا بہت بڑی غلطی ہے‘ عمران کے پاس این آر او کی کوئی گنجائش نہیں‘قومی اسمبلی میں جھگڑے کا ڈر ہے ‘نیب وائٹ کالرجرائم کیخلاف کارروائی تیز کرے‘لوگ کرپشن سے جان چھڑانا چاہتے ہیں‘سرکلر ریلوے کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس جانے کو تیار ہوں‘18 ویں ترمیم رول بیک کرنے کے حق میں نہیں۔


 

ہفتہ کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرت ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں لیکن شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانا بہت بڑی غلطی ہے‘جو لوگ مالیاتی بحران پیدا کرنے والے ہیں وہ لوگوں کا احتساب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کا اتحادی ہوں‘ تاہم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملے پر میں سپریم کورٹ جارہا ہوں اور میں نے وزیر قانون فروغ نسیم کو لکھے گئے خط کا جواب اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی ارسال کردیا ہے۔

شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عجیب تماشا ہے، چور مچائے شور کی فلم لگی ہوئی ہے‘ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بیٹھادیا گیا ہے، غیب کے علم اللہ جانتا ہے لیکن میں جس عمران خان کو جانتا ہوں اس کے پاس این آر او کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنا کر یہ لوگ ساری عمر پچھتائیں گے‘جن لوگوں نے بھی یہ مشورے دیے ہیں وہ اب بھگتیں کیونکہ جس طرح کی زبان قومی اسمبلی میں استعمال کی جارہی مجھے لگتا ہے کہ ایک روز وہاں جھگڑا ہوگا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کرپشن کے کیسز میں شہباز شریف، نواز شریف سے زیادہ ملوث ہیں، عمران خان کو جس وقت حکومت ملی معیشت کی یہ حالت تھی کہ 2 ہفتوں کے زرمبادلہ کے ذخائر نہیں تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق دور میں اسحٰق ڈار نے جعلی شماریات بنائے‘اسحٰق ڈار جعلی کاغذ بنانے کے ماہر ہیں، انہوں نے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کو جعلی دستاویز دیے‘ ان لوگوں نے تمام ٹینڈرز سنگل پارٹیز پر دیے ہیں۔شیخ رشید نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے مطالبہ کیا کہ وائٹ کالرجرائم کیخلاف کارروائی تیز کریں، دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں کہ 8 سے 10 کیسز والے پارلیمان میں پالیسی بیان دیں‘ وہ 8،8 پروٹوکول گاڑیوں میں پھرتے اور وزرا کی کالونی میں رہتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ووٹ ملنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ لوگ کرپشن سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، لوگوں نے کم ظرف‘ کم عقل، ذہنی پستی، چوروں کیخلاف عمران خان کو ووٹ دیا اور لوگ چاہتے ہیں کہ یہ لوگ قانونی اور آئینی شکنجے میں آئیں۔ایک سوال کے جواب میں کراچی سرکلر ریلوے پر سندھ حکومت ہمارا ساتھ دے‘ہم نے مختلف علاقے خالی کروا لیے ہیں‘تاہم اس معاملے کا فریم ورک سندھ حکومت بنائے ہم ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے مزاج کیخلاف کراچی سرکلر ریلوے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے پاس جانے کو تیار ہوں‘پوری قوم کو کہنا چاہتا ہوں کہ اب اگر کے سی آر نہیں بنی تو قیامت تک نہیں بنے گی۔

مزیدخبریں