پدماوت کی ریلیز کے بعد کرنی سینا کا سنجے لیلا بھنسالی کی والدہ پر فلم بنانے کا اعلان

07:28 PM, 26 Jan, 2018

بھارت بھر میں شدید احتجاج کے باوجود متنازع فلم ’پدماوت‘ ریلیز کردی گئی لیکن اب فلم کی مخالف ہندو انتہاپسند تنظیم کرنی سینا نے فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کی والدہ پر فلم بنانے کا اعلان کردیاہے۔

کرنی سینا کے رہنما گووند سنگھ نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ فلم کا نام ’لیلا کی لیلا‘(Leela  ki  Leela)ہوگا جسے اروند ویاس ڈائریکٹ کریں گے جبکہ فلم کے اسکرپٹ پر پہلے ہی کام شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنجے لیلا بھنسالی نے ہماری ماں ’پدماوتی‘ کی بےعزتی کی ہے لیکن ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ ہماری بنائی ہوئی فلم پر فخر محسوس کریں۔

گووند سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ ہماراملک ہر کسی کو اظہار رائے کا حق دیتا ہےاور ہم اس حق کے مکمل استعمال کو یقینی بنائیں گے۔

کرنی سینا کے رہنما نے بتایا کہ آئندہ پندرہ روز میں فلم پر کام کا آغاز کردیا جائے گا، فلم کی شوٹنگ راجستھان میں ہوگی اور ایک سال کے اندر ریلیز کردی جائے گی۔

مزیدخبریں