امریکا کا شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف مزید نئی پابندیوں کا اعلان

05:31 PM, 26 Jan, 2018

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: امریکا نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف مزید  نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کو امریکی محکمہ خزانہ نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے اس کی 9 کمپنیوں،  16 شخصیات اور  6 بحری جہازوں پر مزید نئی پابندیاں عائد  کی ہیں جو بقول امریکہ شمالی کوریا کو ہتھیاروں کی تیاری میں معاونت کر رہے ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ نے چین کی دو کمپنیوں پر بھی الزام عائد کیا ہے کہ یہ شمالی کوریا کو لاکھوں ڈالر کی برآمدات کر رہی ہیں جس میں دھاتیں اور جوہری پروگرام کو آگے بڑھانے میں معاون دیگر اشیاء شامل ہیں۔امریکا کی جانب سے پابندی کی زد میں آنے والی شخصیات میں بعض چین، روس اور جارجیا میں کام کرنے والی شمالی کوریا کی ورکنگ پارٹی کے اراکین بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا اور امریکہ کے مابین شدید اختلافات پائے جاتے ہیں اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر حملہ کرنے کی دھمکی بھی دے رکھی ہے۔

مزیدخبریں