معروف امریکی ریسلر جان سینا بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کے سیکریٹ مداح نکلے۔
جان سینا کا انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرنے کا ایک مخصوص انداز ہے اور وہ جب بھی کوئی پوسٹ شیئر کرتے ہیں، اس کا کیپشن نہیں لکھتے۔حال ہی میں جان سینا نے انسٹاگرام پر عامر خان کی ایک تصویر بغیر کیپشن کے پوسٹ کی۔ عامر خان کی یہ تصویر گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘کا ایک منظر تھا جس میں انہوں نے راک اسٹار کا کردار نبھایا ہے۔
چونکہ جان سینا کیپشن تو لکھتے نہیں، لیکن تصویر دیکھ کر اگر یہ اندازہ لگایا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ جان سینا عامر خان کی فلم 'سیکریٹ سپر اسٹار' کے ساتھ ساتھ مسٹر پرفیکشنسٹ سے بھی متاثر ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ چین میں بھی ریلیز کی گئی، جہاں وہ 2 سو کروڑ سے زائد کا شاندار بزنس کرچکی ہے۔ فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کم بجٹ کی حامل فلم ہے، جو عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بنی ہے، اس فلم میں عامر خان نے مختصر کردار ادا کیا تھا