روم: انتہائی مہنگے سمارٹ فونز تیار کرنے والی کمپنی ویرتو نے اپنی نئی اینڈرائیڈ ڈیوائس متعارف کرا دی ہے، جسے صرف امیر ترین افراد ہی خرید سکیں گے۔ ہاتھوں سے تیار کئے گئے اس سمارٹ فون کو المونیم سے بنایا گیا ہے اور اس پر نرم چمڑے کو لپیٹا گیا ہے جو کہ اٹلی کے ایک خاص کمپنی سے حاصل کیا گیا۔
اس کے دیگر پرتعیش فیچرز میں کرسٹل ڈسپلے اور ایک نیلم جڑا بٹن ہے جو کمپنی کی 24 گھنٹے کی سروس تک رسائی دیتا ہے۔ یہ اس کمپنی کا پہلا ڈوئل سم فون ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ 34 انٹرنیشنل برانڈز پر کام کر سکتا ہے جبکہ اس کی کالز کو کوئی کیچ یا ریکارڈ نہیں کر سکتا کیونکہ سائلنٹ سرکل نامی ٹیکنالوجی سے اسے انکرپٹڈ بنایا گیا ہے۔
5.5 انچ سکرین کے فون کا ریزولوشن 2560x1440 پکسل ہے، جس میں 12 میگا پکسل کا رئیر کیمرہ ہے جو کہ کم روشنی میں بھی بہترین کام کرتا ہے، جبکہ وائرلیس چارجنگ، فنگر پرنٹ ریڈر، 128 جی بی سٹوریج، مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ، اینڈرائیڈ 6.0 مارش میلو آپریٹنگ سسٹم، یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ اور 3220 ایم اے ایچ بیٹری ہے۔
ویسے کمپنی نے اس کی قیمت کا اعلان تو نہیں کیا مگر اس کا گزشتہ ماڈل 8140 ڈالرز کا تھا تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس بار یہ ڈیوائس دس ہزار ڈالرز سے کم تو نہیں ہوگی۔ ویسے اس فون کو 10 فروری کو فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔