مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری

10:07 PM, 26 Jan, 2017

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی برفانی تودوں سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کل 5 بھارتی فوجی برفانی تودے کے نیچے آ کر ہلاک ہوئے تھے اور آج مزید پانچ بھارتی فوجی جہنم واصل ہو گئے ہیں.ہندوستانی فوج کاریسکیو آپریشن اور لاپتا فوجیوں کو تلاش کرنے کی مہم تاحال ناکام جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 آسمانی آفت نے اس وقت پھر قابض بھارتی فوج کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جب انڈین آرمی کی ایک ’’گشتی ٹیم ‘‘ اور فوج کی 2چوکیوں پر اچانک برفانی تودے گرنے شروع ہو گئے جس کے نیچے دبنے سے 10اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ کئی ایک ابھی تک لاپتا ہیں ۔پولیس نے برفانی تودوں کے ملبے سے 10اہلکاروں کی لاشیں نکالنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انڈین فوج کے کئی اہلکار ابھی تک لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لئے فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے ریسکیو ادارے تلاشی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بھارتی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آخری اطلاعات آنے تک بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں ،شدید بارش اور سخت موسمی حالات کے باوجود ہم اپنے لاپتا ہونے والے جوانوں کو ڈھونڈنے کی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ریسکیو اداروں نے برفانی تودے کے نیچے سے ایک جونیئر کمشنڈ آفیسر (جے سی او) اور 6دیگر فوجی اہلکاروں کو زندہ نکال لیا گیا تھا جبکہ ہندوستانی فوج کا ایک میجر ہلاک ہو گیا تھا جبکہ آج یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہندوستانی فوج کی ایک گشتی پارٹی اگلے مورچوں کی طرف پیش قدمی کر رہی تھی کہ حادثے کا شکا ر ہو گئی ۔دوسری طرف سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) بانڈی پورہ ذولفقار آزاد نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ 10 لاشیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ 4 فوجی اہلکار ابھی بھی لاپتہ ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ برس بھی خطہ لداخ میں واقع سیاچن میں ایک فوجی کیمپ کے برفانی تودے کی زد میں آنے سے 11 فوجی اہلکار لقمہ اجل بنے تھے۔

مزیدخبریں