بنگلور: بھارت کی سیلیکون ویلی کہلانے والے شہر بنگلور میں کوڑے کے ڈھیر ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ بعض اوقات یہاں کوڑے کی بدبو اتنی تیز ہوتی ہے کہ راتوں کو سوتے رہائشیوں کی اس سے آنکھ کھل جاتی ہے۔
بنگلور شہر میں جمع کوڑے کے ڈھیر اس شہر کی ساکھ کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ بھارت کی ریاست کرناٹکا کا دارالحکومت بنگلور کبھی گارڈن سٹی کہلاتا تھا اور پھر اسے بھارت کی ٴسیلیکون ویلیٴ کا نام دیا گیا۔
کئی بڑی آئی ٹی کمپنیاں اس شہر میں کام کر رہی ہیں جن کی سربراہی کرنے والے افراد لاکھوں روپے تنخواہیں لیتے ہیں۔ لیکن یہ افراد ایک ایسے شہر میں رہ رہے ہیں جہاں کوڑے اٹھانے کا بدترین نظام اور سہولیات موجود ہیں۔