واشنگٹن : امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشتبہ دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں پر تشدد کے معاملے میں وہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور محکمہ دفاع کی تجاویز پر عملدرآمد کریں گے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ روز اے بی سی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگرچہ واٹربورڈنگ اور تفتیش کے دوران تشدد کے دیگر طریقے ٹارچر کے زمرے میں آتے ہیں۔
تاہم اس معاملے میں وہ سی آئی اے اور محکمہ دفاع کی تجاویز پرعملدرآمد کریں گے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسلامک سٹیٹ کے ہاتھوں امریکیوں کے سرقلم کرنے کے تناظرمیں ”لوہا لوہے کو کاٹتا ہے“کے محاورے کے مصداق وہ سی آئی اے اور محکمہ دفاع کی ایڈوائس کو زیادہ اہمیت دیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس انٹرویو میں یورپ کی جانب سے بڑی تعداد میں پناہ گزینوں کو بسانے کی پالیسی پربھی تنقید کی اور کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یورپ نے لاکھوں غیرقانونی تارکین وطن کو رہنے کی اجازت دے کر غلطی کی ہے ۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں مسلمانوں کو محدود داخلے کی اجازت دینے کے معاملے پر وہ اپنے موقف پرقائم ہیں اور ایسا کرنا بہت ضروری ہے۔ واضح رہے امریکا کے اس اعلان کے بعد دنیا بھر میں سی آئی اے دوبارہ اپنے حراستی مراکز کھولے گی اب وائٹ ہاوس کے ترجماں کی جانب سے یہ کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایسا کوئی حکم نہیں دیا گیا۔