آئی سی سی ون ڈے رینکنگ :ویرات کوہلی ترقی پاکر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے

09:45 PM, 26 Feb, 2025

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی، جس میں بھارتی بیٹر ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی پاکر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی بیٹرز رینکنگ میں بھارتی اوپنر شبمن گل بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے بابر اعظم دوسری پوزیشن پر ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف شاندار سنچری کے بعد ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی پاکر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے خلاف سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے ول ینگ نے 8 درجے ترقی کے بعد 14ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے، جبکہ پاکستان کے فخر زمان تین درجے تنزلی کے بعد 18ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ پاکستانی کپتان محمد رضوان کی بھی چار درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ اب 20ویں نمبر پر ہیں۔

بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی پانچ درجے تنزلی کے بعد 9ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ سری لنکا کے مہیش تھیکشانا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا دو درجے ترقی کے بعد ٹاپ 10 بولرز میں شامل ہوگئے ہیں۔
 

مزیدخبریں