لاہور: دی یونیورسٹی آف لاہور کے زیر اہتمام کیریئر سروسز آفس کی جانب سے سالانہ کیریئر فیئر 2025 منعقد کیا گیا، جس میں مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک، چیئرمین دی یونیورسٹی آف لاہور اویس رؤف سمیت مختلف معروف شخصیات نے شرکت کی۔
کیرئیر فیئر میں نئی بات میڈیا نیٹ ورک سمیت پاکستان بھر سے قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے، جن میں جے زیڈ سٹیلر لاء چیمبرز، پنجاب جاب سینٹر، پریمیئر انرجی، گرے میٹر گلوبل، یونیورسٹی آف لاہور، ڈبلیو بی ڈبلیو فاؤنڈیشن، کاٹن ویب لمیٹڈ، ٹی اے کیو آرگنائزیشن، الائیڈ بینک اور دیگر نامور کمپنیاں شامل تھیں۔
کیرئیر فیئر کا بنیادی مقصد طلبہ کو انڈسٹری سے جوڑنے اور ملازمت کے بہترین مواقع فراہم کرنا تھا، تاکہ وہ اپنے کیریئر کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔
اس موقع پر نئی بات میڈیا نیٹ ورک کے ایچ آر آفیسر ارسلان واجد نے بتایا کہ ان کا ادارہ طلبہ کو انٹرنشپ کے مواقع فراہم کر رہا ہے، جس کے تحت نیوز اینکرز کے لیے آڈیشنز بھی لیے گئے۔
چیئرمین دی یونیورسٹی آف لاہور اویس رؤف نے اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ہمراہ کیریئر فیئر کا دورہ کیا اور مختلف کمپنیوں کے اسٹالز پر جاکر معلومات حاصل کیں۔
تقریب میں موجود مختلف کمپنیوں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی جانب سے یہ ایک بہترین اقدام تھا، جس سے طلبہ کو ایک ہی پلیٹ فارم پر مختلف کمپنیوں سے ملنے اور براہ راست بات چیت کا موقع ملا۔
یہ کیریئر فیئر نہ صرف طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور مستقبل کی راہیں متعین کرنے کا موقع بھی دیے گا۔