ٹرانز افغان ریلوے منصوبہ خطے کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا :وزیر اعظم

ٹرانز افغان ریلوے منصوبہ خطے کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا :وزیر اعظم

تاشقند: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹرانز افغان ریلوے منصوبہ خطے کی ترقی اور تجارتی تعاون کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے یہ بات پاکستان-ازبکستان مشترکہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، اور دونوں ممالک کی تجارتی برادری ایک دوسرے کو مکمل سپورٹ کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بزنس مین ازبکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جبکہ ازبک صدر کی کانفرنس میں شرکت دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

شہباز شریف نے ازبک تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز، ٹیکسٹائل، سیاحت اور توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں ازبک سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور اس کے فروغ کے لیے خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ٹرانز افغان ریلوے منصوبہ نہ صرف پاکستان، افغانستان اور ازبکستان بلکہ پورے خطے کے لیے تجارتی سرگرمیوں میں انقلاب لائے گا۔ اس منصوبے سے پاکستان کو سستی توانائی کے حصول میں مدد ملے گی، جبکہ کراچی اور گوادر پورٹس تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاحت کے شعبے میں بھی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، کیونکہ دونوں ممالک کے پاس سیاحتی اور تاریخی مقامات کی بڑی تعداد موجود ہے۔

وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے تاجروں کے مفادات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور خطے کی ترقی کے لیے علاقائی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔