لاہور : لاہور کی ٹریفک پولیس نے قذافی سٹیڈیم میں انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے میچ کے لیے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ میچ کے دوران ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، رانگ پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور فورک لفٹرز و بریک ڈاؤن گاڑیاں ہر وقت تیار رہیں گی۔ شائقین کرکٹ کے لیے مخصوص پارکنگ ایریاز مختص کیے گئے ہیں، ڈیفنس سے آنے والے شائقین فردوس مارکیٹ سے سنٹر پوئنٹ تک آ کر سی بی ڈی میں گاڑیاں پارک کریں گے۔
اس کے علاوہ گلبرگ کالج اور فیروزپور روڈ سے آنے والے شائقین کلمہ چوک سے ٹرن لے کر نیشنل پارک اور گورنمنٹ کالج گلبرگ میں پارک کریں گے۔ ڈیفنس اور کینٹ سے آنے والے شائقین حسین چوک یا شیر پاؤ برج سے ہوتے ہوئے مین بلیوارڈ گلبرگ تک آئیں گے اور لبرٹی پارکنگ میں گاڑیاں پارک کریں گے۔تاہم گڑھی شاہو سے آنے والے شائقین مین بلیوارڈ گلبرگ سے سن فورٹ ہوٹل کی طرف آ کر لبرٹی پارکنگ میں پارک کریں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر اطہر وحید نے بتایا کہ کسی بھی سڑک کو مستقل طور پر بند نہیں کیا جائے گا، اور مال روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ سمیت تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ ان انتظامات کا مقصد شائقین کو سہولت فراہم کرنا اور میچ کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا ہے۔