تل ابیب: اسرائیل نے ماہ رمضان کے دوران فلسطینیوں کی مسجد اقصیٰ میں داخلے پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت نے رمضان کی آمد پر فلسطینیوں کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخلے کے حوالے سے سخت اقدامات کیے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رمضان میں صرف 55 سال سے بڑی عمر کے مرد، 50 سال سے بڑی عمر کی خواتین اور 12 سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے فلسطینیوں کو بھی مسجد اقصیٰ میں داخلےکی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ، وہ افراد جو رمضان میں مسجد اقصیٰ آنا چاہتے ہیں، انہیں اسرائیلی حکام سے درخواست کرنی ہوگی، اور نماز جمعہ کے دوران صرف 10 ہزار افراد کو مسجد کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔