لاہور:پاکستان سپر لیگ 9 کے 13ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو اعصاب شکن مقابلے میں 8 رنز سے شکست دے دی۔ پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 193 رنز بناسکی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے بیٹنگ کرتے ہوئے جورڈن کوکس نے 13، کولن منرو71، شاداب خان 6،آغاسلمان 14، اعظم خان 75 ، حیدر علی صفر، فہیم اشرف ایک ، عماد وسیم ایک ، حنین شاہ صفر، نسیم شاہ 8 ، ٹیمل ملز ایک رنز بناسکے۔ زلمی کی طرف سے صائم ایوب نے ایک ، لوک ووڈ نے ایک ، نوین الحق نے ایک ، عارف یعقوب نے پانچ، سلمان ارشاد نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پی ایس ایل میں اپنی دوسری سنچری بنائی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ایک مرتبہ پھر زلمی کے اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کیا، اس مرتبہ صائم اور بابر نے 77 رنز کی شراکت بنائی۔ صائم ایوب 21 گیندوں پر 38 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد 80 کے مجموعے پر 2 رنز بنانے والے محمد حارث اور اسی سکور پر بغیر کوئی رن بنائے حسیب اللّٰہ خان آؤٹ ہوگئے۔ کپتان بابر اعظم نے پہلے 19 رنز بنانے والے وال والٹر اور پھر 8 رنز بنانے والے رومین پاول کے ساتھ شراکتیں بنا کر ٹیم کو 124 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ بابر اعظم نے 59 گیندوں پر اپنے پی ایس ایل کیریئر کی دوسری جبکہ ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی 11ویں سنچری مکمل کی۔
ایونٹ میں پشاور زلمی نے اب تک 4 میچز کھیلے جس میں اسے دو میں کامیابی ملی جبکہ دو میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔پشاور زلمی نے ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کو زیر کیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز سے شکست ہوئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے ایک میچ جیتا ہے جبکہ اسے دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو ہرایا جبکہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اسے شکست ہوئی۔