لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 15 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے فخر زمان اور عبداللہ شفیق کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت پشاور زلمی کو جیت کیلئے 242 رنز کا ہدف دیا ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے انتہائی شاندار بلے بازی سے درست ثابت کر دکھایا۔
لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ محض 7 رنز پر گر گئی مگر اس کے بعد فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے پشاور زلمی کے باﺅلرز پر خوب لاٹھی چارج کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
فخر زمان نے 45 گیندوں پر 10 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے اور عبداللہ شفیق نے 41 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سیم بلنگز نے 47 اور ڈیوڈ ویزا نے 8 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 45 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور روومین پاول نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مرزا طاہر بیگ، فخر زمان، سیم بلنگز، عبداللہ شفیق، حسین طلعت، سکندر رضا، راشد خان، ڈیوڈ ویزا، حارث رﺅف اور زمان خان شامل ہیں۔
پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، بھنوکا راجا پاکسا، روومین پاول، جیمی نیشام، وہاب ریاض، سعد مسعود، سلمان ارشاد اور ارشد اقبال شامل ہیں۔
فخر اور عبداللہ کی دھواں دار بیٹنگ، قلندرز کا زلمی کو 242 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف
08:57 PM, 26 Feb, 2023