فیصل آباد:وزیرداخلہ راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک عمران خان اور پی ٹی آئی کیلئے ڈوب مرو تحریک بن چکی ہے۔
وزیرداخلہ راناثنااللہ کا نیوز کانفرنس میں کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک دن بھی عوام کو کوئی پیغام نہیں دیا، کبھی اسلام آباد پر حملہ آور ہوتے ہیں،کبھی کہتے ہیں شہر کو سیل کردوں گا، کبھی کہتے ہیں فیصلہ لے کر جائیں گے،انسانوں کا سمندر لے کر آؤں گا آئے روز عوام کو ذہنی تکلیف دینے کیلئے نیا فارمولالے کر آجاتے ہیں ۔
راناثنااللہ نے کہا عمران خان نے جتنے بھی لانگ مارچ کئے وہ ناکامی سے دوچار ہوئے، عمران خان چاہتے ہیں ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار رہے،ملک کی معاشی حالت خراب ہو، جس ملک میں سیاسی عدم استحکام ہو وہاں مختلف مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اپنےدور حکومت میں عوام کیلئے وسائل نہیں بلکہ مسائل پیدا کئے ہیں، اب عمران خان حکومت میں نہیں مگر عوام کیلئے مسائل کوبڑھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے جیلوں کو کھلا رکھا ہے، عمران خان اور ان کے حواریوں کو چاہئے اگر وہ جیل جانا چاہتے ہیں تو ضرور جائیں، وہ جہاں گرفتاری دینا چاہیں وہاں جیل کھل جائےگی۔عمران خان کے حواریوں کو ملک کی تمام جیلوں میں گھمانا چاہتے ہیں تاکہ ان کا جیل بھرو تحریک کا شوق پورا ہو،
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہمیں عدلیہ کااحترام ہے،عدلیہ کے ادارے کو اگر کمزورکیا جائےگا تو مسائل میں اضافہ ہوگا، پرویزالہٰی اپنے وکیل کو فون پر کہتے ہیں فلاں کیس فلاں جج کی عدالت میں پیش کریں۔ جب تک اس حوالےسے کوئی انکوائری نہیں ہو جاتی ،ہم کسی معزز جج پر الزام لگانے کے حق میں نہیں۔