راجن پور :قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 193 راجن پور میں پولنگ کا وقت صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہے۔حساس پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر جدید آلات سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقے میں کُل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 204 ہے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 495 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 72 ہزار 709 ہے۔ 237 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ این اے 193 میں 11 امیدوار مدِمقابل ہیں، ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی یا انتخابی عمل میں خلل ڈالنے پر سختی سے نمٹا جائے گا۔
پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جبکہ رینجرز کے 200 جوان بھی کوئیک رسپانس فورس ڈیوٹی پر ہیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست پی ٹی آئی کے رکن سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔ پنجاب حکومت نے امن و امان کی صورِ تحال اور تھریٹس کے پیشِ نظر این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔تاہم الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔