تہران:روس یوکرین جنگ سے متعلق ایران نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کا اصل ذمہ دار امریکہ ہے ،اس جنگ سے مغرب کو سبق حاصل کرنا چاہیے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران نے یوکرین پر روسی حملے کا ذمے دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا پر بھروسہ کرکے سیکیورٹی حاصل نہیں ہوسکتی، ایرانی حکومت کے ترجمان علی بہادری کا کہنا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔
دوسری جانب ایرانی صدر ابراہیم ریئسی نے روسی صدر ولادی میر پیوتن سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشرق میں نیٹو فورسز کا دائرہ پھیلنا باعث تشویش ہے اور اسی وجہ سے کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
ایرانی صدر نے نیٹو کے توسیع پسندی کو خود مختار ممالک کی سیکیورٹی اور نقص امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا،ایران نے مغربی ممالک کو بحران زدہ یوکرین سے عبرت حاصل کرنے کا کہہ دیا۔ایران نے موقف اختیار کیا ہے کہ مشرقی ممالک میں بدامنی اور عدم استحکام مغربی مفادات کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔