پیرس :فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں نے خبردار کیا ہے کہ ماسکو کی جانب سے اپنے مغرب نواز پڑوسی پر حملے کے بعد دنیا کو روس اور یوکرائن کے درمیان طویل جنگ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
جرمن ٹی وی کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں نے فرانس میں ایک سالانہ زرعی میلے سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "میں آپ کو ایک بات بتا سکتا ہوں کہ یہ جنگ طویل عرصے تک جاری رہے گی۔ یہ بحران جاری رہے گا، یہ جنگ جاری رہے گی اور اس کے ساتھ آنے والے تمام بحرانوں کے دیرپا نتائج ہوں گے۔ ہمیں تیار رہنا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے فرانسیسی صدر نے کچھ ایسے پروگرامز کے شیڈول کو مختصر کیا ہے جو فرانس کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ،فرانسیسی صدر کی اپنی مصروفیات کو کم کرنا بھی یہ ظاہر کرتا ہے کہ کچھ تو ہے جو بڑا ہونے والا ہے ،ماکروں کا کہنا ہے یورپ میں جنگ لوٹ آئی ہے ہم سب کو بھی تیار رہنا ہوگا ۔
فرانسیسی صدر نے کہا یورپ میں تباہی پیوٹن کا یکطرفہ فیصلہ ہے ،روسی فوج جس طرح اندھادھند بم برسا رہی ہے اس کے بعد یورپ میں بڑا انسانی بحران جنم لے سکتا ہے ، یوکرائنی لوگ اس جنگ کی مزاحمت کر رہے ہیں اور یورپ یوکرائنی عوام کے شانہ بشانہ اس جنگ کی مزاحمت کر رہا ہے۔
فرانس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جارجیا اور مالدووا کے صدور کو کال کرتے ہوئے، ماکروں نے یورپی یونین کے مشرق میں اپنے شراکت داروں کی حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ''ہم مالدووا اور جارجیا کے ساتھ کھڑے ہیں تاکہ ان کی خودمختاری اور ان کی سلامتی کا دفاع کریں۔