پی ٹی آئی کا سندھ حقو ق مارچ، سندھ عمران خان کے استقبال کیلئے تیار ہے: شاہ محمود 

پی ٹی آئی کا سندھ حقو ق مارچ، سندھ عمران خان کے استقبال کیلئے تیار ہے: شاہ محمود 
سورس: فائل فوٹو

گھوٹکی : وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی نے کہا کہ سندھ کے عوام ناکام صوبائی حکومت سے تنگ ہیں، گزشتہ پندرہ سال سے عوام پس رہے ہیں اور ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔عوام چاہتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کوسندھ میں موقع ملے، بلاول زرداری عوام کے حقوق کا حساب دیں ۔میں وزیراعظم عمران خان کا منشور پورے سندھ تک پہنچاوں گا، سندھ وزیراعظم عمران خان کے استقبال کیلئے تیار ہے۔

  

گھوٹکی کے علاقے کمو شہید میں عوامی اجتماع اور سندھ حقوق مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا پیغام اور منشور سندھ کے ہر ایک ضلع، کوچے اور قصبے میں متعارف کروانے کے لیے سفر کا آغاز کر رہا ہوں ۔

  

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو نیا سندھ متعارف کروانے اور اپنے حقوق کے لیے نکلنا اور لڑنا ہو گا ۔ سندھ کے باشعور و غیور لوگو وقت آگیا ہے کہ آپ جس غلامی سے پچھلے 15سال سے پس رہے ہیں ۔ اس غلامی سے نجات حاصل کریں اور نئی منز ل کا تعین کریں ، وہ منزل قریب ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ لوگ جو کچھ عرصہ پہلے کہا کرتے تھے کہ تحریک انصاف اور عمران خان کا انہیں سیاسی مستقبل دکھائی نہیں دیتا تھا۔ آج وہ دیکھ رہے ہیں کہ عمران خان ملک کے منتخب وزیراعظم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سوچ و منشور پنجاب نے اپنا لی ہے ،خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر میں متعارف ہو چکا ہے ، عمران خان کا فلسفہ گلگت بلتستان کی چوٹیاں کو چھو رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سندھ کے کھیتوں اور کھلیانوں میں عمران خان اور جماعت کی سوچ و منشور کو متعارف کرایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ میں بلاول سے پوچھتا ہوں کہ سندھ کے لوگ پوچھ رہے ہیں ہمارے حقو ق کا جواب دو ، ہمارے حقوق کا حساب دو ، اب15سال کی لوٹ مارکے احتساب کا وقت آ گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ اس حکومت سے تنگ ہیں ،15 سال سے سندھ کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا ،کمو شہید کے عوام کا حقوق سندھ قافلہ 6 مارچ کو کراچی پہنچے گا ، پھر وہ عمران خان کو پیغام دیں گے کہ سندھ تیار ہے۔

مصنف کے بارے میں