وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کو جلانے کے بجائے تدفین کی اجازت دینے کے فیصلے کاخیر مقدم کیا۔
سری لنکا کےوزیراعظم مہندراج پکسے نے 10 فروری کو کووڈ سے جاں بحق افراد کوجلانے کے بجائے تدفین کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر عمران خان نے ان کے فیصلے کو سراہا تھا تاہم سری لنکن وزیراعظم اپنے اعلان سے مکر گئے تھے۔
سری لنکا میں کووڈ سے جاں بحق مسلمانوں کی تدفین کی اجازت نہ دینے کے معاملے پر سخت احتجاج کیا گیا تھا اور دو روز قبل عمران خان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر مسلمانوں نے علامتی جنازہ اٹھا کر احتجاج کیا تھا۔مظاہرین کی جانب سے ایک بینر پر لکھا گیا تھا کہ 'محترم وزیراعظم کے بیان کا احترام کریں اور تدفین کی اجازت دیں'۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کولمبو کا دو دورہ مکمل کرنے کے بعد سری لنکا کی حکومت نے نوٹی فکیشن جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ کووڈ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین اور میت کو جلانے کے حکم نامے میں ترمیم کی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ 'میں سری لنکا کی قیادت کے فیصلے پر مشکور ہوں'۔
انہوں نے کہا کہ 'کووڈ-19 سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کی اجازت کے لیے سری لنکن حکومت کے سرکاری نوٹی فکیشن کا خیر مقدم کرتا ہوں'۔