حافظ آباد : ارطغرل غازی کے ہیرو انگین التان سے فراڈ کرنے والے کاشف ضمیر کا ایک اور مبینہ طور پر مجرمانہ فعل سامنے آیا ہے۔کاشف ضمیر نے حافظ آباد سے ترکی پلٹ عاقب اسرار کو اغوا کیا۔
نیو نیوز کے مطابق ترک اداکار انگین التان المعروف ارطغرل غازی سے دھوکا دہی کرنے والے کاشف ضمیر پر اب یوٹیوبر کو اغوا کرنے کا نیا الزام سامنے آیا ہے ،استنبول میں کاشف ضمیر کی میزبانی کرنے والے عاقب اسرار عرف علی ورک نے تھانہ سٹی حافظ آباد میں خود کو اغوا کرنے کی درخواست جمع کرادی ہے ۔
عاقب اسرار کی کاشف ضمیرسے استنبول میں دوستی ہوئی لیکن انگین التان سے معاہدے کی خلاف ورزی پر دوریاں ہوگئیں۔
عاقب ترکی سے حافظ آباد بھائی کی شادی کے لیے آیا تو کاشف ضمیر نے باربار ملاقات کیلئے کہا، انکار پر خود حافظ آباد پہنچ گیا اور گاڑی میں بٹھا کر موٹروے کی جانب لے جاتے ہوئے پستول تان لیں ،اور قتل کی دھمکیاں دیں جس پر عاقب نے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگادی اورزخمی ہوکر سول اسپتال گوجرانوالہ میں زیرعلاج رہا ۔
کاشف ضمیر کے حافظ آباد میں ٹک ٹاکر کے گھر کے باہر انتظار کرنے اور پھر عاقب اسرار المعروف علی ورک کے گاڑی سے چھلانگ لگانے کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آگئی ہے۔
موبائل فون سے ریکارڈ کی جانے والی ایک کال بھی منظر عام پر آئی ہے۔ جس میں کاشف ضمیر کہہ رہا ہے ، ڈی پی او حافظ آباد دوست ہے ، لگتا ہے اسے کہہ کر ہی تجھے بلانا پڑے گا۔ دوسری جانب ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر رضوان خان کا کہنا ہے کہ درخواست ملنے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔