اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محمد زبیر نے کہا حفیظ شیخ کی گاڑی پر پاکستانی جھنڈا لگتا ہے تو پاکستان آتے ہیں اور جس دن حکومت جاتی ہے وہ بھی بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔ اب تحریک انصاف کی حکومت بھی بہت جلد جانے والی ہے اس لئے حفیظ شیخ بھی ٹکٹ کرا لیں۔
محمد زبیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ سابق حکومت نے بہت قرضے لیے لیکن ہم نے پانچ سال میں 10 ہزار 500 ارب قرض لیا تھا اور یہ پیسے کہاں خرچ ہوئے اس سب کا ہمارے پاس مکمل حساب ہے۔ موجودہ حکومت نے سب سے زیادہ قرضے لیے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حفیظ شیخ کے تمام اثاثے ملک سے باہر ہیں اور ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں جبکہ وہ جیسے ہی آئے پاکستان کا 15 روز میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو گیا۔ عمران خان ماضی میں کہتے تھے کہ حفیظ شیخ نے معیشت تباہ کر دی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کل تک الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کرنے والے آج اس کےحامی بن گئے ہیں۔ اپوزیشن کو وہی فیصلے قبول ہیں جو ان کی منشا کے مطابق ہوں.
ان کا کہنا تھاکہ الیکشن جیتے تو شفاف اور منصفانہ، ہار گئے تو دھاندلی کا واویلا اور اپوزیشن کی سیاسی منافقت ہر گزرتے دن کے ساتھ عیاں ہو رہی ہے۔ بار بار مؤقف بدلنا اور اپنے ہی بیانیے کی نفی کرنا اپوزیشن کی پہچان بن گیا ہے۔