رضوان ملتان کے سلطان

05:27 PM, 26 Feb, 2021

کراچی : پی ایس ایل 2021 کے ساتویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی طور پر نقصان کے بعد میچ میں واپسی کرتے ہوئے محمد حفیظ کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 157 رنز بنالیے.۔ملتان سلطانز نے 158 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ملتان سلطانز کی طرف سے اس میچ میں بھی کپتان محمد رضوان نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ اور 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ صہیب مقصود نے بھی 61 رنز بنائے۔

قبل ازیں نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا اور کپتان سہیل اختر فارم میں نظر نہیں آئے اور چوتھے اوور میں کارلوس بریتھویٹ کی گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا اسکور صرف 17 رنز تھا۔

دوسرے اوپنر فخر زمان بھی اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئے اور اگلے اوور میں شاہنواز دھنی کی تیز گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے، اسے قبل سہیل اختر 12 گیندوں پر صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے اور فخر زمان 11 گیندوں پر 9 رنز بنا سکے۔

محمد حفیظ اور جان ڈیلی نے کریز سنبھالی اور ابتدائی نقصان کے ازالے کے لیے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 89 رنز کی بہترین شراکت قائم کی، اس دوران محمد حفیظ نے 27 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔

محمد حفیظ نے 12 ویں اوور کی آخری گیند پر شاہنواز دھنی کو چھکا مار کر رواں سیزن میں اپنی دوسری جبکہ پی ایس ایل میں مجوعی طور پر آٹھویں نصف سنچری مکمل کی۔

سلطانز کے کپتان ایک مرتبہ پھر کارلوس بریتھویٹ کو باؤلنگ کے لیے واپس لے آئے اور بریک بعد پہلے ہی اوور میں 31 رنز بنانے والے ڈینلی کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کرا دیا اور ٹیم کے لیے تیسری وکٹ دلائی، اس وقت سلطانز کا اسکور 106 رنز تک پہنچ گیا تھا.

لاہور قلندرز نے تیسری وکٹ پر ٹیم کو مشکل سے ضرور نکالا لیکن وقفے کے بعد ایک مرتبہ ڈرامائی حالات پیش آئے جہاں ڈینلی کے بعد 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر عثمان قادر نے خطرناک بلے باز ڈنک کو آؤٹ کردیا.

محمد حفیظ نے ایونٹ میں اپنی زبردست فارم کو جاری رکھا اور 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 61 رنز بنائے لیکن سلطانز کے عثمان قادر نے 15 ویں اوور میں رن آؤٹ کرکے ان کی پیش قدمی روک دی۔

تجربہ کار آل راؤنڈر آؤٹ ہوئے تو قلندرز کا اسکور 122 رنز تھا، ڈیوڈ ویزے بھی جلد ہی آؤٹ ہوئے اور صرف 13 رنز کا حصہ جوڑا۔سمت پٹیل نے شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ میں ٹیم کی اننگز مکمل کی اور مقررہ اوورز میں قلندرز نے 6 وکٹوں پر157 رنز بنائے۔

سلطانز کے شاہنواز دھنی اور بریتھویٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سمت پٹیل 26 اور شاہین شاہ آفریدی 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں سہیل تنویر کی جگہ سہیل خان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ لاہور قلندرز نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی۔

خیال رہے کہ ملتان سلطانز ابتدائی دونوں میچوں میں ناکام جبکہ لاہور قلندرز نے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

مزیدخبریں