اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کا میری اور انڈین نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کے درمیان بیک چینل ڈپلومیسی کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔
ڈاکٹر معید یوسف کی جانب سے یہ بات پاک بھارت سیز فائر معاہدے کے تناظر میں کی گئی ہے۔ مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے اعلان کو بیک چینل ڈپلومیسی بتا رہا ہے، بھارتی میڈیا کا میری اور بھارتی این ایس اے کی بیک چینل ڈپلومیسی کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے اور بھارتی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت ڈوول کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ ایل اوسی پر خوش آئند پیشرفت پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے رابطے کا نتیجہ ہے۔
مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ ڈی جی ایم اوز پروفیشنلی اور پرائیوٹلی ڈائریکٹ چینل سے کام کرتے ہیں۔ خوشی ہے کہ ہم اس سمجھوتے پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان 2003ء کے سیز فائر معاہدے کے احترام کا مطالبہ کرتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ 2003ء کے سیز فائر معاہدے پر عمل کرنے سے بے گناہ زندگیاں بچیں گی۔ 2003ء کے سیز فائر معاہدے کی روح کے مطابق اس پر عمل کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاک بھارت تعلقات میں گزشتہ کئی سالوں سے جاری تلخی میں کمی آئی ہے۔ یہ پیشرفت دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطے کے باعث ممکن ہوئی ہے۔
پاکستان نے بھارت کیساتھ 2003ء کے سیز فائر معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ ہمسایہ ملک کی جانب سے اس پر من وعن عمل کیا جائے گا۔ ادھر امریکا نے بھی پاک بھارت رابطے اور اس کے نتیجے میں طے پانے والے معاہدے کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے اہم قرار دیا ہے۔