اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں جاری مذہبی فسادات پر عالمی برادری سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر آغاز تھا اب بھارت میں 20 کروڑ مسلمان ہدف ہیں، نازی نظریات سے متاثرہ آر ایس ایس نے ایک ارب سے زائد آبادی والی جوہری ریاست پر قبضہ کرلیا ہے۔
آج ہم جوہری صلاحیت کی حامل 1 ارب سے زائد انسانوں پر مشتمل ریاست بھارت کو نازی ازم کی وارث آر ایس ایس کے ہاتھوں میں گرتا دیکھ رہے ہیں۔ نفرت کی بنیاد پر نسل پرستانہ نظریات کا حامل گروہ جب بھی غالب آتا ہے، قتل و غارت گری اور خونریزی کے دروازے کھل جاتے ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 26, 2020
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ جیسا کہ میں نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش گوئی کی تھی کہ ایک مرتبہ جن بوتل سے باہر آجائے گا تو خون ریزی شدید ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر آغاز تھا اب بھارت میں 20 کروڑ مسلمان ہدف ہیں۔
گزشتہ برس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں میں نے پیش گوئی کی تھی کہ ایک مرتبہ جن بوتل سے نکل آیا تو خونریزی میں شدت آئے گی۔ کشمیر آغاز تھا، آج ہندوستان میں مقیم 200 ملین (20 کروڑ) مسلمان نشانے پر ہیں۔ عالمی برادری کیلئے کچھ کرنے کا بلاشبہ یہی وقت ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 26, 2020
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم بھارت میں دیکھ رہے ہیں کہ نازی نظریات سے متاثرہ راشٹریہ سیوک سنگھ (آر ایس ایس )نے ایک ارب سے زائد آبادی والی جوہری ریاست پر قبضہ کرلیا ہے۔
آگاہ رہو! پاکستان میں اگر کسی نے بھی غیر مسلم شہریوں پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی یا کسی عبادت گاہ کی جانب بری نظر سے دیکھا تو نہایت سختی سے پیش آئیں گے۔ ہماری اقلیتیں اس ملک کی برابر کی شہری ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 26, 2020
بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب بھی نفرت پر مبنی کوئی نسل پرستانہ نظریہ چھا جاتا ہے تو اس کا نتیجہ خون ریزی کی صورت میں نکلتا ہے۔