اسلام آباد:پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل کے لیے قومی ڈائیلاگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے ،نیشنل ڈائیلاگ کی میزبانی قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کرے گا،افغانستان پر خصوصی قومی مکالمہ آئندہ ماہ مارچ کے آخری ہفتے میں منعقد ہوگا ۔
قومی ڈائیلاگ کے انعقاد کے لیے سپیکر قومی اسمبلی نے ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور افغانستان کے مابین امن معاہدے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا جائے گا،افغان امن عمل میں پاکستان کے موثر کردار کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا مکالمے میں اراکین پارلیمنٹ سمیت سکالرز بھی شرکت کریں گے، تجزیہ کاروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائیگا،افغان مفاہمتی عمل سے مستقبل کے لائحہ عمل کو وضع کرنے کے لیے تجاویز دی جائیں گی،افغانستان میں امن کے قیام سے خطے میں استحکام آئے گا،افغانستان میں امن پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔