لاہور: غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز نے بھی بھارتی ڈھول کا پول کھول دیا۔ عینی شاہد نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ علی الصبح دھماکے کی آواز سنی جس سے ایک شخص زخمی ہوا۔
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ دھماکے سے کچھ درخت گرے اور ایک مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق 25 سال کے محمد اجمل دھماکے کے بعد اس جگہ پر پہنچے تھے۔
خیال رہے گزشتہ رات بھارتی ایئر فورس کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی جس کے بعد پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہو گئے۔ پاکستانی طیاروں کے فضا میں آنے کے بعد بھارتی طیارے ’پے لوڈ‘ گرا کر واپس چلے گئے۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور طیارے آزاد جموں و کشمیر میں تین سے چار میل تک داخل ہوئے۔
ادھر بھارت نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایک غیر عسکری کارروائی میں بالاکوٹ کے علاقے میں واقع کالعدم شدت پسند تنظیم جیشِ محمد کے کیمپ کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم پاکستان نے بھارتی دعوے کو مسترد کر دیا۔