اسلام آباد :ملک میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) کے صارفین کی تعداد 63 ملین ہے جو تھری اور فور جی کی سہولیات سے استفادہ کررہے ہیں۔ پاکستان میں سیلولر فونز کی سہولت سے مستفید ہونے والے صارفین کی مجموعی تعداد 155 ملین ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق جنوری2019ءکے اختتام پر این جی ایم ایس استعمال کنندگان کی تعداد مجموعی صارفین کے 40 فیصد کے مساوی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹی جی صارفین کی تعداد مجموعی صارفین کی تعداد کے60 فیصد تک ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق جنوری 2019ءکے اختتام پر ٹی جی صارفین کی مجموعی تعداد 92 ملین تھی جن میں سب سے زیادہ جیز صارفین 35 ملین ریکارڈ کئے گئے۔
ٹیلی نار ٹو جی صارفین کی تعداد 30 ملین جبکہ ژونگ کے صارفین 14ملین اور یوفون صارفین کی تعداد 13 ملین تھی۔ این جی ایم ایس کی سہولیات استعمال کرنے والے صارفین مین سے تھری جی کے صارفین کی مجموعی تعداد 40 ملین ریکارڈ کی گئی جن میں سے جیز کے 14 ملین، ٹیلی نار 9 ملین، ژونگ 9 ملین اور یو فون کے 8 ملین صارفین شامل ہیں۔
اسی طرح فور جی کی سہولیات سے مستفید ہونے والے صارفین کی مجموعی تعداد 31 جنوری 2019ءتک 23 ملین تھی جن میں جیز صارفین 8 ملین ، ٹیلی نار 5 ملین اور ژونگ صارفین کی تعداد 10 ملین ریکارڈ کی گئی ہے۔