تہران: ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تاہم استعفے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں۔
ترجمان ایران حکومت کے مطابق جواد ظریف نے اپنی خدمات جاری رکھنے سے معذرت کی ہے۔ ایرانی صدرحسن روحانی نے جواد ظریف کے استعفے کی ابھی توثیق نہیں کی۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق جواد ظریف عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015ء کے جوہری ڈیل کا اہم ترین کردار تھے۔
یہ ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے کہ جواد ظریف کو استعفی دینے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
جواد ظریف کے استعفی کے اعلان کی خبر کی ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے آئی آر این اے نے بھی تصدیق کی ہے۔
امریکہ سے بین الاقوامی قوانین میں ڈاکٹریٹ حاصل کرنے والے 59 سالہ جواد ظریف نے ماضی میں اقوام متحدہ میں ایران کی نمائندگی کی تھی اور اس کے بعد 2013 میں انھوں نے صدر حسن روحانی کے منتخب ہونے کے بعد وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔