نئی دہلی: سابق بھارتی کپتان ساروو گنگولی بھی اب میدان میں آ گئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بھارت چاہے بھی تو پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ سے باہر نہیں کر سکتا۔
گنگولی نے کہا کہ آئی سی سی بھارت کے دباؤ میں ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرے گا اور ایک فیصد بھی امکان نہیں کہ آئی سی سی بھارت کی بات مان لے۔
خیال رہے 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف نا صرف سیاسی محاذ کھولا گیا بلکہ تجارت اور اداکاروں پر پابندیوں کے علاوہ کھیل کے میدان میں بھی پاکستان کو نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے نا صرف آئی سی سی سے ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچز نہ کھیلنے سمیت پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کی باتیں بھی سامنے آئیں لیکن بھارت کو پاکستان کے حوالے سے نا صرف بین الاقوامی سطح پر حزیمت کا سامنا کرنا پڑا بلکہ خود بھارت میں بھی بڑے پیمانے پر مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔