سری دیوی کی فرانزک رپورٹ منظر عام پر آگئی

سری دیوی کی فرانزک رپورٹ منظر عام پر آگئی

دبئی : معروف بھارتی اداکارہ سری دیوی کی فرانزک رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے، جس کے مطابق سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے کی وجہ سے واقع ہوئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آنجہانی اداکارہ کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے سے واقع ہوئی ہے۔لیجنڈری اداکارہ کی موسٹ مارٹم رپورٹ متوفیہ کے خاندان کے حوالے کر دی گئی ہے۔قبل ازیں دبئی میں فرانزک ماہرین نے سری دیوی کی موت کے حوالے سے کوئی مشکوک چیز نہیں پائی گئی جبکہ اپنی رپورٹ میں اداکارہ کی موت کی وجہ حرکت قلب بند ہونا بتایا ہے۔

دوسری جانب سری دیوی کی لاش تاحال بھارت نہ پہنچنے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اگر کسی غیر ملکی کی موت ہسپتال میں ہوتی ہے تو میت کو لواحقین کے حوالے کرنے کا عمل جلد مکمل کر لیا جاتا ہے لیکن اگر کسی کی موت ہسپتال سے باہر ہوئی ہے تو اس میں کافی وقت درکار ہوتا ہے کیونکہ ایسے معاملات میں پولیس کو بھی مطلع کیا جاتا ہے، پھر چاہے کوئی طبعی موت ہی مرا ہو۔
طریقہ کار کے تحت میت کو پہلے القصیص میں موجود سرد خانے میں رکھا گیا۔ فرانزک شواہد کے جنرل ڈیپارٹمنٹ میں فرانزک جانچ پڑتال کے بعد میت کو پولیس کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد ایک ڈیتھ سرٹیفیکیٹ دیا جاتا ہے جس کے بعد پولیس کی جانب سے کلئیرنس ملتی ہے۔ بعد ازاں مرنے والے کے پولیس ویزا کی تصدیق کی جاتی ہے، اور دبئی میں موجود بھارتی سفارتخانہ مرنے والے کا پاسپورٹ منسوخ کرکے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کرتا ہے اور ساتھ ہی ایک این او سی بھی جاری کیا جاتا ہے تاکہ مرنے والے کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے میت کو بھارت بھیجا جا سکے۔
ان تمام انتظامات میں پولیس کی جانب سے متعدد لیٹرز جاری کیے جاتے ہیں۔ جس میں میت کی سرد خانے سے اسپتال اور اسپتال سے لواحقین کو منتقلی، عربی زبان میں جاری کیے گئے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ کی انگریزی زبان میں کاپی ، بھارتی قونصلیٹ کا این او سی اور دیگر لیٹرز شامل ہیں۔