لاہور: قومی احتساب بیورو نے گرفتار سابق ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد چیمہ کی اہلیہ کے ساتھ ملاقات کرا دی جب کہ ملاقات کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیگم احد چیمہ کی ملزم سے ملاقات کی اجازت دی اور یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہی جس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی گئی۔
نیب کی جانب سے ملاقات کی تصویر بھی جاری کی گئی اور کہا گیا ہے کہ احد چیمہ نیب کی تحویل میں ہشاش بشاش ہیں جس کا اندازہ تصویر سے لگایا جا سکتا ہے۔
نیب کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب کسی کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک پر یقین نہیں رکھتا اور ہر شخص کی عزت نفس کا قانون کے مطابق خیال رکھتا ہے جب کہ قانون کے مطابق فرائض سرانجام دیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ کو نیب نے آشیانہ اسکیم کیس میں گزشتہ دنوں گرفتار کیا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں