دبئی:پاکستان سپر لیگ تھری کا بخار شائقین کرکٹ کے سر چڑھ کر بول رہا ہے اور ہرکوئی اس ایونٹ کے بارے اور اپنی فیورٹ ٹیم پر بات کرتے نظر آتا ہے۔
لاہور قلندرز کوتینوں میچ ہارنے پر شائقین کرکٹ اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی تنقید اور طنزو مزاح کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ روز دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اسی دوران دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں موجود پشاور زلمی کے ایک مداح کی جانب سے ایسا ڈانس کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر ہنسی کا طوفان آگیا جبکہ صارفین نے ڈانس کرنے والے شخص پر اپنی حس مزاح کی صلاحیتوں کا خوب استعمال کیا۔
ایک ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر جب ڈانس کی ویڈیو شیئر کی گئی تو صارفین کے ہاتھ تو جیسے تفریح اور اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع آگیا۔
ندیم احمد نامی ایک صارف نے تو کراچی کنگز کے ہاتھوں زلمی کی شکست کا ذمہ دار اس ڈانس کو قرار دیدیا اور لکھا کہ ”مجھے تو لگتا ہے پشاور زلمی کی شکست کی وجہ یہ بے ہنگم ڈانس ہی ہے۔۔۔“
ایک اور صارف ٹفی نے تو اس شخص کے بارے یہ تک کہہ دیا کہ ’احمد شہزاد سے متاثر لگتا ہے‘۔
ناٹ کول نے اس شخص کے ڈانس کا آئی پی ایل کی چیئر لیڈرز کے ڈانس کے ساتھ موازنہ کرتے ہوئے دونوں کی تصاویر شیئر کیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور دفاعی چیمپئن زلمی کی لیگ میں یہ دوسری شکست ہے۔