آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ:کولن منرونے بابراعظم کو پہلی پوزیشن سے محروم کردیا

آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ:کولن منرونے بابراعظم کو پہلی پوزیشن سے محروم کردیا

دبئی:آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی نئی ٹی 20 رینکنگ میں بابر اعظم پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئے ہیں اور نیوزی لینڈ کے کولن منرو ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہوگئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل 5 درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جانب سے جاری کی گئی نئی ٹی 20 رینکنگ کے مطابق بیٹسمینوں کی فہرست میں کولن منرو پہلے،گلین میکسویل دوسرے، اور پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ باﺅلرز میں افغانستان کے راشد خان نے نمبر ایک پوزیشن کو اپنے قبضے میں کرلیا ہے۔

ماضی میں اس طرز کے ٹاپ باﺅلر کااعزاز حاصل کرنے والے عماد وسیم کو 3 درجے ترقی حاصل ہوئی جس کی بدولت وہ چوتھے جبکہ شاداب خان ایک درجہ بہتری سے 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، انگلینڈ کے عادل رشید ایک ساتھ 8 درجے کی چھلانگ سے ٹاپ 20 میں شامل ہوتے ہوئے 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ جیمز فالکنر کو 9 درجے تنزلی نے 18 ویں نمبر پر پہنچادیا ہے۔

گلین میکسویل کو آل رائونڈرز میں نمبر ون پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔اگرچہ ٹیم رینکنگ میں پاکستان بدستور نمبر ون پوزیشن پر فائز ہے تاہم اس پر آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے بے پناہ دبائو بڑھ گیا ہے جوکہ صرف چند اعشاریائی پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔یاد رہے کہ بابراعظم ان دنوں پاکستان سپر لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں اور کراچی کنگز کا حصہ ہیں۔